21 مئی ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے سائٹ اورمیٹروول میں قائم اسکولوں اورمنگھوپیر میں ماربل کے تاجروں کو دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل بھتہ کی پرچیاں دینے اوراسکولوں کے مالکان، اساتذہ ،طلبہ اورتاجروں کوہراساں کرنے کی شدیدمذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھتہ مافیا کی جانب سے تاجروں، دکانداروں کے ساتھ ساتھ اب اسکولوں کے مالکان اوراساتذہ کوبھی دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ کی پرچیاں موصول ہورہی ہیں۔گزشتہ دنوں دہشت گردوں نے میٹروول کے علاقے میں فائرنگ کرکے ایک اسکول کے پرنسپل اورانکے بیٹے کوبھی شہیدکردیا تھالیکن ان دہشت گر دوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی،دوروزقبل دہشت گردوں نے منگھوپیر کی ماربل مارکیٹ میں ایک تاجرکوبھی بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا، بھتہ مافیاکی جانب سے تاجروں اور اسکولوں کوبھتہ کی پرچیاں بدستورموصول ہورہی ہیں اوربھتہ دینے سے انکارکرنے والوں کوگولیاں ماری جارہی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے ساتھ ساتھ اب اسکولوں کے مالکان، اساتذہ اورطلبہ بھی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبورہوگئے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ صورتحال تاجروں، دکانداروں، اسکولوں کے مالکان، اساتذہ اورطلبہ سمیت تمام شہریوں کے لئے تشویش اوربے چینی کاباعث ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ، ڈی جی رینجرزجنرل رضوان اختراورآئی جی سندھ اقبال محمود سے مطالبہ کیاکہ اس صورتحال کافوری نوٹس لیاجائے اورتاجروں، دکانداروں اوراسکول مالکان کو بھتہ کی پرچیاں دینے اورانہیں دہشت گردی کانشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ رابطہ کمیٹی نے منگھوپیرکی ماربل مارکیٹ کے تاجروں، دکانداروں اورمیٹروول سائٹ کے اسکول مالکان، اساتذہ اورطلبہ سے مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہارکیااورحکومت سے مطالبہ کیاکہ انہیں جرائم پیشہ عناصرسے تحفظ فراہم کیاجائے۔دریں اثناء رافا مشن انٹر نیشنل آرگنائزیشن (سوئیڈن )اور یونائٹیڈ منارٹی آرگنائزیشن کے 25رکنی وفدنے پاسٹر سلیمان منظور کی سربراہی میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان احمد سلیم صدیقی ، عبدالحسیب اور سیف یار خان سے خورشید بیگم سیکرٹریٹ عزیزآباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پروفد میں یونائٹیڈ منارٹی آرگنائزیشن کے صدر مسٹر نورس ،پاسٹر آئرن جاوید ، پاسٹر حزقی ایل ، پاسٹر منتظر گل ، پاسٹر سیمسن اقبال ، پاسٹر خادم صابر سمیت کرسچن برادی سے تعلق رکھنے والے دیگر معزز ین شامل تھے جبکہ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج منور الاسلام اور دیگر راکین بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے موقع پر رافا مشن انٹرنیشنل کے چےئر مین پاسٹر سلیمان منظور نے کہا کہ اقلیتی برادی کے حقوق کیلئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنھوں نے نا صرف ملک میں بسنے والے مظلوم عوا م کی ترجمانی کی ہے بلکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ افراد کو بھی ملک کے اعلیٰ ایوانوں کی زینت بنایا ہے ،کرسچن کمیونٹی کے وفدنے اقلتیی برادی کی جانب سے الطاف حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔