22 مئی ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے مسلسل واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر کراچی میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اورآج سفاک دہشت گردوں نے ناظم آباد نمبر4 میں فائرنگ کرکے دوسگے بھائیوں اورگلستان جوہر میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکرکو قتل کردیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب بھتہ مافیا تاجروں ، دکانداروں ، اسکول مالکان اور اساتذہ سے بھتے کا مطالبہ کررہے ہیں اور بھتہ نہ دینے والوں کو گولیوں کا نشانہ بنارہے ہیں اوردوسری جانب مسلح دہشت گرد کھلے عام شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں ، شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کے عوام کو سفاک قاتلوں ، دہشت گردوں ، بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیاگیا ہے ۔ر ابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل رضوان اختراور آئی جی سندھ اقبال محمود سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی اورقتل وغارتگری کافوری نوٹس لیا جائے اور بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دوسگے بھائیوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا بھی اظہارکیا۔دریں اثناء ایم کیو ایم کی کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے25مئی کو تبت سینٹر پر ہونے والے عظیم الشان ریلی کے سلسلے میں جاری عوامی رابطہ مہم میں کراچی کے علاقوں علی اکبر شاہ گوٹھ، ابراہیم حیدری اور D1ایریا کھوکھرا پار اولڈ ملیر میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی ساجد احمد اور شیراز وحید نے میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین ملک کے غریب متوسط طبقے کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں اور انھوں نے ملک کے غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ افراد کوملک کے اعلیٰ ایوانوں میں بھیجا ہے۔ مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج فرخ اعظم نے کہا کہ ماضی کی طرح باطل قوتیں الطاف حسین کو انکے کروڑوں چاہنے والوں سے دور کرنے کے لیے سازشیں کر رہی ہیں لیکن حق پرست عوام اپنے حوصلوں اور دانشمندی سے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف تمام تر سازشوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25مئی2014ء کو تبت سینٹر پر ہونے والی ریلی میں اپنے اہل خانہ ، دوست احباب ، خاندان کے افراد اور حق پرست عوام کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کریں ۔اس موقع پر کراچی مضا فاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارجز اسلم بلوچ اور سید احمد رضا سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔