26 مئی ، 2014
اسلام آباد…احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصور مظفر سمیت 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے جبکہ عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت6 ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے 4 جون کو طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگرا کرپشن کیس اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت کی۔سینئر پراسکیوٹر نیب راجا خرم اعجاز نے عدالت سے استدعا کی کہ اوگرا کرپشن کیس میں ملزمان کے خلاف گواہاں اور ثبوتوں سمیت تمام قانونی ضابطے پورے کر دئیے گئے ہیں۔ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصور مظفر سمیت ضیا ،سکندر حیات میکن، ظہیر صادق ،میر کمال فرید بجرانی، جواد جمیل ،عبد الرشید لون ، ارسلان اقبال ، یوسف پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ مزرا محمود کا نام ریفرنس سے خارج کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کی جانب سے پیش کی گئی شہادتوں کو عدالت طلب کر تے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔ اسی عدالت میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دونوں سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ دیگر ملزمان میں سابق جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن سکندر حیات، توقیر صادق ،جاوید نذیر ممبر سلیکشن کمیٹی اوگرا، شوکت درانی ممبر ٹیکنکل شامل ہیں۔راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے وکیل امجد قریشی نے عدالت سے مزید وقت طلب کیا تھا اور استدعا کی تھی کہ عدالت مزید وقت دے ۔آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو ہر حال میں عدالت پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 4 جون تک ملتوی کر دی۔