26 مئی ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم حق پرست شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیگی ۔ سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد کے شہداء کی 24ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حق پرست شہداء تحریک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے باطل قوتوں کے سامنے سرجھکانے کے بجائے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تحریک کو جلا بخشی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی تاریخ ساز کامیابیاں حق پرست شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور جس نیک مقصد کی خاطر حق پرست شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ایم کیوایم اس مشن و مقصد کو پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائے گی ۔ الطاف حسین نے سانحہ پکا قلعہ حیدآباد کے شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد سمیت تمام حق پرست شہداء کے درجات بلند فرمائے ، شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور شہداء کے لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ہرسال کی طرح امسال بھی سانحہ پکاقلعہ حیدرآبادکے شہداء کی24ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی اورشہداء کوزبردست خراج عقیدت وسلام عقیدت پیش کیاگیا ۔24ویں برسی کے موقع پرلال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی ،جس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرانجینئرناصر جمال، اراکین رابطہ کمیٹی محمدواسع جلیل،سیدامین الحق،احمدسلیم صدیقی،اشفاق منگی،کیف الوریٰ،سیف یارخان،اسلم آفریدی،حق پرست اراکین سینٹ،قومی وصوبائی اسمبلی،ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ارکان،سیکٹرزو یونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران ،کارکنان،ہمدردوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اس موقع پرسینیٹرمولاناتنویرالحق تھانوی نے خشوع وخضوغ کے ساتھ سانحہ پکاقلعہ کے شہداء سمیت تمام حق پرست شہداء کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی ،سوگواران کے صبرجمیل اورایم کیوایم کی کامیابی،اسیروں کی رہائی ،لاپتہ کارکنان کی بازیابی،سازشوں کے خاتمے، ملک کی بقاء وسلامتی سمیت قائدتحریک الطاف حسین کی صحت وتندرستی اور درازی عمرکے لئے اجتماعی دعائیں کرائیں۔علاوہ ازیں ایم کیوایم حیدرآبادزون کے زیراہتمام زونل آفس میں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کاانعقادکیاگیا جس میں منتخب حق پرست نمائندوں،سندھ تنظیمی کمیٹی کے ارکان،حیدرآبادزونل کمیٹی کے ذمہ داران،سیکٹرزویونٹ کمیٹیوں کے عہدیداران،کارکنان،ہمدردوں نے شرکت کی اورسانحہ پکاقلعہ کے شہداء سمیت تمام حق پرست شہداء کی مغفرت اوران کے بلنددرجات کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔