پاکستان
26 مئی ، 2014

خیبر پختون خوا میں ”ہفتہ حامد میر“منایا جا رہا ہے

خیبر پختون خوا میں ”ہفتہ حامد میر“منایا جا رہا ہے

پشاور…پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر خیبرپختونخوا میں سینئر صحافی حامد میر سے اظہار یکجہتی کے لئے ”ہفتہ حامد میر“ منایا جارہا ہے۔اس موقع پر صحافیوں نے حامد میر پر حملے اور جیو کی بندش کی مذمت بھی کی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا میں ”ہم سب حامد میر ہیں“ کے عنوان سے ہفتہ حامد میر منایا جارہا ہے۔ایبٹ آباد پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں سیاستدانوں، تاجر رہنماوٴں، وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ حامد میر ایک شخص نہیں بلکہ ایک مشن کا نام ہے اور یہ مشن جاری رہے گا۔ مقررین نے حامد میر پر قاتلانہ حملے اور جیو نیوز کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سمینار سے قبل پی ایف یو جے کے زیر اہتمام ایبٹ آباد پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ سیمینار کے بعد پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور ایپنک کے سیکریٹری جنرل اکرام بخاری نے جیو اور جنگ سے اظہاریکجہتی کیلئے ایبٹ آباد میں جیو کے دفتر کا دورہ کیا۔ دونوں رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ جنگ یا جیو کو بند نہیں ہونے دیں گے۔ پی ایف یو جے کی اپیل پر سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ اور بنوں سمیت دیگر اضلاع میں بھی صحافیوں نے حامد میر سے اظہار یکجہتی اور جیو کی بندش کے خلاف مظاہرے کئے۔

مزید خبریں :