28 مئی ، 2014
مظفر آباد…سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے وکیل اور سینٹرل بار آزاد کشمیر کے سابق سیکرٹری جنرل راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے پیمرا کے خلاف آزاد کشمیر میں حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے لہٰذا آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے رکن اسرار عباسی کی سرگرمیاں غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔مظفر آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت عالیہ آزاد کشمیر نے پیمرا کے آزاد کشمیر میں دائرہ کار سے متعلق حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، اس لئے آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے اسرار عباسی کی تقرری غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،میں تو سب سے پہلے انتہائی مذمت کرتا ہوں ،جیو کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہورہی ہے، ایک طرف تو یہ ہے کہ ہمارے آزاد کشمیر میں پمرا کے خلاف عدالت عالیہ نے حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے اور اسرار عباسی کی جو سرگرمیاں ہیں وہ ساری غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہیں۔ آزاد کشمیر میں پمرا کسی صورت بھی کوئی کارروائی اس وقت تک نہیں کرسکتا جب تک کورٹ سے کوئی فیصلہ نہیں آجاتا۔راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ وہ کیبل پر جیو کی نشریات کی بندش کے خلاف جلد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے اور بحیثیت صارف اپنے دوستوں سے مشاورت کررہے ہیں، ہم بہت جلد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرنے والے ہیں، کیبل آپریٹرز کی طرف سے آزاد کشمیر میں جیو کو بند کیا گیا، جو انتہائی شرمناک فعل ہے۔