04 جون ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق رکن قومی اسمبلی سید حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ ہماے صبر کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا،ہم یہاں بیٹھے ہیں اوربیٹھے رہیں گے،انھوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کی شب نمائش چورنگی پر موجود ایم کیوایم کے ذمہ داران ،مرد و خواتین کارکنان اور موقع پر موجود عوام کے سامنے لندن کے اسپتال سے موصول ہونے والے قائد تحریک الطاف حسین کا عوام و کارکنان کے نام پیغام پڑھ کر سناتے ہوئیکیا۔یہ پیغام الطاف حسین کے اس ٹیلی فون کال پر مشتمل ہے جوکہ انھوں نے بدھ کی شام لندن کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پر ایم کیوایم کے لندن میں موجود رہنماؤں ندیم نصرت اور دیگر سے گفتگو کے دوران کیا اور کہا کہ کارکنان و ہمدرد ہمت سے کام لیں، پرامن رہیں اور قانون کو ہاتھوں میں نہ لیں، حق پرستانہ جدوجہد میں آنے والے آزمائشی مراحل میرے لیے نئے نہیں ہیں۔ الطاف حسین کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے حالات کا مقابلہ کیا اور آج بھی میرے حوصلے ہرگز پست نہیں، میں نے نہ ماضی میں قوم کو مایوس کیا اور نہ آئندہ کروں گا۔ الطاف حسین نے ٹیلی فون پر اپنی صاحبزادی افضا الطاف سے بھی گفتگو کی، اس موقع پر رہنماؤں اور کارکنان نے قائد تحریک الطاف حسین کی آواز سن خوشی کا اظہار کیا اور انکے حق میں نعرے بلند کیے۔سید حیدر عباس رضوی نے آخر میں کہا کہ الطاف حسین کایہ پہلاپیغام ہے جانثاربھائیوں اوربہنوں کیلیے آیاہے،ہمیں صبرکادامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا،اپنانظم وضبط مثالی رکھناہے۔