پاکستان
05 جون ، 2014

عوام نے مائنس الطاف فارمولے کو دفن کردیا ،ایم کیو ایم امریکا

 عوام نے مائنس الطاف فارمولے کو دفن کردیا ،ایم کیو ایم امریکا

شکاگو…متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیر اہتمام قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے امریکہ کے 18شہروں میں مظاہرے اور اجتماعات منعقد کئے گئے جس میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین ثاقب محی الدین، توصیف خان، علی حسن، عامر قاضی، گل محمد، محمد ظہیر، وکیل جمالی اور اسد صدیقی نے شرکت کی ۔ الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے بڑے اجتماعات نیو یارک، واشنگٹن ڈی سی، شکاگو، ہیوسٹن، ڈیلس، ڈیٹرائٹ، لاس اینجلس ، اٹلانٹا، نیو جرسی، فلاڈیلفیا اور سان فرانسسکو میں منعقد ہوئے جس میں ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء جن میں بچے، بزرگ اور خواتین بھی شامل تھیں قائد تحریک سے اپنی محبت ، عقیدت اور یکجہتی کا اظہار کرتے رہے، اس موقع پر انہوں نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر الطاف حسین کی فوری رہائی اور ان کے خلاف امتیازی سلوک کو روکنے جیسے مطالبات درج تھے۔شکاگو میں خطاب کرتے ہوئے جنید فہمی نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان کے مظلوم عوام کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے خلاف امتیازی، متعصبانہ اور جانبدارانہ سلوک اور اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں، قائد تحریک اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں اور کراچی سمیت پاکستان بھر کے حق پرست عوام نے اپنے مثا لی اتحاد سے مائنس الطاف فارمولے کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے۔نیویارک میں برطانوی قونصلیٹ کے سامنے ایم کیو ایم کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین نے کہا کہ کراچی ، حیدرآباد سمیت پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے سجائی جانے والی عوامی عدالتوں اور ان میں شریک لاکھوں افراد نے فیصلہ قائد تحریک کے حق میں سنا دیا کہ وہ معصوم اور بیگناہ ہیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے ایک یاد داشت بھی برطانوی قونصلیٹ کے حکام کو پیش کی گئی۔ اٹلانٹا میں جوائنٹ آرگنازر ندیم صدیقی نے کہا کہ مشکل اور آزمائش کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم نے الطاف حسین کے ساتھ کھڑے ہو کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ قائد تحریک کو ہی اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، امریکہ کے کارکنان اپنی صفحوں میں اتحاد قائم رکھیں اور ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے پروپگینڈے کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں۔مقررین نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ الطاف حسین کو مکمل انصاف کی فراہمی یقینی بنائے اور ان کی صحت کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ آخر میں الطاف حسین کی صحت ، سلامتی اور درازئی عمر کے لئے خصوصی دعاء بھی کی گئی۔

مزید خبریں :