08 جون ، 2014
اسلام آباد.....تحریک انصاف نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے 10 مطالبات پیش کر دیئے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت سادگی اپنائے،سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالرز واپس لائے،جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد تک لایا جائے۔اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں عمران خان نے کہا کہ ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کا ایک دن کا خرچہ 21،21 لاکھ روپے ہے،حکومت اپنے خرچے کم کرے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے الزام لگایا کہ چھوٹے صوبوں کے ترقیاتی فنڈز کاٹ کر پیسہ پنجاب میں لگایا جا رہا ہے۔کراچی میں سرکلر ریلوے پر کام نہیں ہورہا اور لاہور میں میٹرو ٹرین کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکس چوروں اور امیروں کو مزید مراعات دی گئی ہیں۔ حکومت ٹیکس نہ دینے والے امیروں سے ٹیکس وصول کرے اور جنرل سیلز ٹیکس کی شرح کم کرے ۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت بجٹ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دےگی جبکہ رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے 30 لاکھ ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ۔