پاکستان
09 جون ، 2014

ائیرپورٹ پر حملہ:اے ایس ایف کے 11 اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید

ائیرپورٹ پر حملہ:اے ایس ایف کے 11 اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید

کراچی .......کراچی ایئرپورٹ پر گزشتہ رات اے ایس ایف کی وردی پہنے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے خطرناک حملہ کیا، اس حملے میں ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کے 11اہلکاروں سمیت 22افراد شہید ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 10دہشت گرد مارے گئے۔کراچی کا جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ اتوار کو رات تقریباً 11بجے فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق 10دہشت گرد ٹرمینل ون سے کراچی ایئرپورٹ میں داخل ہوئےاور اندھا دھند فائرنگ اور دھماکے کرکے سب سے پہلے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ ایئرپورٹ کی حدود میں افرا تفری مچ گئی ۔مسافر اور ان کے ساتھ آنے والے لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کے جوانوں نےایئرپورٹ پہنچ کر کارروائی شروع کی، حملہ شدید تھا، دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل گولہ بارود کا استعمال کیا جارہا تھا۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے پاک فوج کے چاق و چوبند دستے بھی ائرپورٹ پہنچے ،،، فوج اور رینجرز کے اعلیٰ افسران نے مربوط حکمت عملی تیار کی اور جوانوں نے پوزیشنیں سنبھال کر ایئرپورٹ کے مختلف حصوں میں چھپ کر وار کرنے والے دہشت گردوں کو چن چن کر ہلاک کیا۔ سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں 10دہشت گردمارے گئے۔رینجرز حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اے کے47رائفلز، دستی بم اور دیگر بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کے حملوں میں رینجرز، پولیس،ایئرپورٹ سکیورٹی فورس اور ایئرکرافٹ انجینئر سمیت 20افراد شہیداور 26زخمی ہوئے۔جھڑپوں کے دوران کارگوکنٹینربھی جل گیا۔

مزید خبریں :