پاکستان
10 جون ، 2014

ہنگومیں متاثرین اورکزئی ایجنسی کے کیمپ پر حملہ

ہنگومیں متاثرین اورکزئی ایجنسی کے کیمپ پر حملہ

ہنگو.......ہنگومیں متاثرین اورکزئی ایجنسی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بیشتر متاثرین کیمپ چھوڑ کر چلے گئے۔ کیمپ میں موجود متاثرین نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیر کی شب ہنگو کے علاقے توغ سرائے میں متاثرین اورکزئی ایجنسی کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ دہشت گردوں نے راکٹ فائر کیے، ہینڈ گرینیڈ پھینکے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حملے کے بعد سیکڑوں خاندان کیمپ چھوڑ کرمحفوظ مقامات پرچلے گئے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے دھمکی دی تھی کہ 11 جون تک کیمپ کو خالی کردیا جائے۔ جس کے بارے میں ضلعی اور پولیٹیکل انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیا تھا لیکن دہشت گردوں نے دباؤ ڈالنے کے لیے گزشتہ رات حملہ کیا۔ کیمپ میں موجود متاثرین کے مطابق وہ خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔حکومت نے اگر سیکیورٹی فراہم نہ کی تو وہ بھی کیمپ چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ڈی پی او ہنگو انور سعیدکنڈی نے تصدیق کی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان اورکزئی کے ترجمان نے 11 جون تک کیمپ خالی کرنے کی دھمکی دی ہے لیکن کیمپ میں مقیم 11سو 7خاندانوں کی حفاظت کے لیے ڈسٹرکٹ لیویز کے 3اور صرف 4پولیس اہل کار تعینات ہیں۔ ایک ماہ پہلے ملنے والی دھمکی اور گزشتہ رات ہونے والے حملے کے بعد بھی انتظامیہ خاموش ہے۔

مزید خبریں :