دنیا
13 جون ، 2014

عراق :آیت اللہ سیستانی کی باغیوں کو روکنے کیلئے ہتھیار اٹھانے کی اپیل

عراق :آیت اللہ سیستانی کی باغیوں کو روکنے کیلئے ہتھیار اٹھانے کی اپیل

بغداد.......عراق میں باغیوں کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی کو روکنے کے لیئے عراق کے سینئر مذہبی رہنما نے لوگوں سے ہتھیار اٹھانے اور فوج کا ساتھ دینے کی اپیل کر دی عراق میں باغیوں کے قبضے کا دائرہ وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔ فلوجہ، موصل، تکریت اور دیالہ صوبے کے سعدیہ اور جلولا قصبوں پر کنٹرول کے بعد باغیوں کا رخ اب جنوبی علاقوں کی طرف ہے۔ دارالحکومت بغداد پر بھی خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں اور لوگوں میں خوف اور بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے۔ مقبوضہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عراق کے سینئر رہنما آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی السیستانی نے شہریوں سے باغیوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اپیل کر دی ہے۔ یہ بات ان کے ترجمان نے جمعے کے خطبے میں بتائی۔ اس کے بعد کربلا کے شہر سے ایک ہزار سے زائد نوجوان عراقی فورسز کا ساتھ دینے کے لیے گھروں سے نکل آئے ہیں۔ دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عراق کی حکومت کو سنگین خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے اور توقع ہے کہ صدر اوباما عراق کی صورتحال پر جلد کوئی فیصلہ کر لیں گے۔

مزید خبریں :