پاکستان
18 جون ، 2014

آپریشن ضرب عضب پاک فوج کے منصوبے کے مطابق جاری

 آپریشن ضرب عضب پاک فوج کے منصوبے کے مطابق جاری

راولپنڈی ....دہشت گردوں کا صفایا کرنے کےلیے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب پاک فوج کے منصوبے کے مطابق جاری ہے، فورسز دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کررہی ہیں، مزید پیش قدمی سے پہلے قبائل کی محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیاجارہاہے ۔ شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے سیکیورٹی فورسز نے انہیں گھیرے میں لیا ہوا ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ محصور دہشت گردوں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ طے شدہ حکمت عملی کے مطابق تحصیل میر علی اور رزمک کے خاندانوں کو علاقے سے نکالنے کےلیے کرفیو نرم کردیا گیا ہے اور اسی طرح مرحلہ وار آبادی کا انخلا کرکے زمینی کارروائی کامرحلہ شروع ہوگا۔ آئی ڈی پیز کی آڑ میں دہشت گردوں کا فرار ناکام بنانے کےلیے ان پر نقل مکانی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ تاحال آپریشن ضرب عضب فضائی کارروائی تک محدود ہے اور آبادی والے علاقوں میں آپریشن شروع نہیں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کے روز حسو خیل کے علاقے میں25 مقامی اور غیرملکی دہشت گرد مارے گئے ۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کی بم بنانے کی ایک فیکٹری ، ایک تربیتی کیمپ اور6 ٹھکانے بھی تباہ کر دیے۔15 جون کو شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 184 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے12ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں جن میں ایک اہم کمیونی کیشن سینٹر بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :