18 جون ، 2014
اسلام آباد........طاہرہ آصف پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف ایم کیو ایم اور دوسری اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ایم کیو ایم کے رکن آصف حسنین کاکہنا ہے کہ طاہرہ آصف کی گاڑی پر فائرنگ کو ڈکیتی کا رنگ دیا جارہا ہے،لاہور کو قتل گاہ بنا دیا گیا ہے۔ایوان میں طاہرہ آصف کی صحت کے لیے دعا کرائی گئی۔ایم کیو ایم کی درخواست پر پیپلزپارٹی،تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور جمشید دستی نے بھی واک آؤٹ میں ساتھ دیا۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان میں کہا کہ افسوسناک واقعہ ہوا ہے،اسپیکر صاحب نے خود اسپتال فون کیا اور طاہرہ آصف پر فائرنگ پر تشویش ظاہر کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایوان کو بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق طاہرہ آصف کے جسم سے گولیاں نکال لی گئی ہیں، مزید رپورٹ آنے پر ایوان کو بتایا جائے گا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کوئی دستانے پہنے ہاتھ معاملات خراب کررہا ہے۔