18 جون ، 2014
لاہور ..........لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کے درمیان تصادم سے زخمی ہونے والے 25 افراد جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مسلم لیگ ق نے الزام لگایا ہے کہ پولیس افسران اپنی مرضی کی رپورٹ تیار کرانے کے لئے اسپتال انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن واقعہ کے 25 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال لایا گیا۔ جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر عبدالرؤف کے مطابق زخمیوں کی عمریں 20سے 50سال کے درمیان ہیں، ان میں کوئی خاتون شامل نہیں۔ تحریک انصاف کے شفقت محمود اور مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے زخمیوں کی عیادت کی۔ایم ایس جناح اسپتال کے کمرے میں بیٹھے ایک اعلیٰ پولیس افسر، میڈیا اور ق لیگ کے کارکنوں کو دیکھ کر باہر نکل گئے۔ انہوں نے ماڈل ٹاؤن واقعے پر کسی بھی قسم کا تبصرہ نہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا نے الزام لگایا کہ پولیس مرضی کی رپورٹ تیار کرانے کیلئے اسپتال انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہی ہے۔پولیس افسران اپنے زخمی اہلکاروں کی اچھی دیکھ بھال کے لئے بھی دباؤ ڈال رہے ہیں۔