18 جون ، 2014
میرعلی.........شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی اور رزمک میں نافذ کرفیو میں نرمی کردی گئی ہے، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کررہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے چوتھے روز دو تحصیلوں رزمک اور میر علی میں کرفیو میں نرمی کی گئی ہے تاکہ ان علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوسکیں ۔متاثرین کو لانے کیلیے بنوں بس اسٹینڈ سے سیکڑوں گاڑیاں رزمک اور میر علی روانہ ہوگئی ہیں ۔ بہت سے قبائلی اپنے طور پر گاڑیوں کا انتظام کرکے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جارہے ہیں ۔ بنوں کے قریب سیدگئی کے مقام پر نادرا نے متاثرین کے لیے رجسٹریشن پوائنٹ بنایا ہے،جہاں رجسٹریشن کے ساتھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ آپریشن شروع سے پہلے شمالی وزیرستان سے بنوں پہنچنے والے قبائلی کرائے کے مکانات کی عدم دستیابی کے باعث سرکاری اسکولوں میں مقیم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں نہ پانی ہے اور نہ بجلی،شدید گرمی میں انہیں مشکلات کا سا منا ہے۔ متاثرین نے حکومت سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔