19 جون ، 2014
لاہور......ماڈل ٹاؤن واقعہ کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ کو لاہور میں وکلا اور شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔اسے مار مار کے ادھ موا کر دیا۔ پولیس ملزم گلو بٹ کو عدالت میں پیش کئے بغیر ہی واپس لے گئی۔تحریک منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں پولیس آپریشن کے دوران ملزم گلو بٹ ڈنڈے کی مدد سے مختلف گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچاتا رہا۔ اعلیٰ حکام کے نوٹس لینے پر پولیس نے ملزم گلو بٹ کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔ آج پولیس اسے پیشی کے لئے ماڈل ٹاؤن کچہری لائی۔ جیسے ہی وکلا اور شہریوں نے گلو بٹ کو دیکھا تو اس پر پل پڑے۔ گھونسوں، تھپڑوں اور ٹھڈوں سے اس کی خوب دھنائی کی۔ مشتعل افراد نے گلو بٹ کو مار مار کے ادھ موا کر دیا، پولیس نے اسی حالت میں ملزم گلو بٹ کو اٹھایا اور عدالت میں پیش کئے بغیر رکشے میں ڈال کر واپس لے گئی۔