19 جون ، 2014
اسلام آباد ..........شمالی وزیر ستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج نے مزید 23مقامی اور غیرملکی دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ علاقے سے سول آبادی کے انخلا کا سلسلہ بھی پاک فوج کی زیر نگرانی جاری ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے پانچویں روز پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کی مشرقی پہاڑیوں پر 15دہشت گرد مار ڈالے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے زرتا تنگی کی پہاڑیوں پر گن شپ ہیلی کاپٹرز سے کارروائی کی،یہ علاقہ دہشت گردوں کا اہم مواصلاتی سینٹر تھا۔ میرانشاہ میں پاک فوج نے ایک اسنائپر کارروائی میں سڑک پر بارودی سرنگ نصب کرتے ہوئے 8ازبک دہشت گرد ہلاک کردیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کی ناکا بندی کا سلسلہ جاری ہےاور ان کے فرار کی ہر کوشش ناکام بنا ئی جا رہی ہے۔ میران شاہ اور غلام خان سے سول آبادی کا انخلا شروع ہوگیا ہے، یہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جب کہ سداگئی پوسٹ پر رجسٹریشن پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 20کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے متاثرین کے کیمپس کی سیکیورٹی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 15جون کو شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 232دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے مواصلاتی سینٹرز سمیت درجنوں ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔ آپریشن میں اب تک 8 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ7زخمی ہوئے ہیں۔