22 جون ، 2014
حیدرآباد.......مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہےکہ فوج بحیثیت ادارہ ملک کی سلامتی کا ضامن ہے اس لئے فوج کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ورنہ طالبان اور دہشت گرد عوام کو کھا جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات حیدرآباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔علامہ محمد امین شہیدی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے مجبوری میں آپریشن کی حمایت کی ہے اور ان کی مجبوری خیبر بختون خواہ حکومت ہے۔عمران خان کو ملک کی سالمیت کے لئے اگر صوبائی حکومت قربان کرنا پڑے تو انہیں کردینا چاہئےتاکہ شدت پسندوں سے بچا جاسکے۔انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہدکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارکنوں کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لئے اسلام آباد جائیں گے۔