24 جون ، 2014
راولپنڈی.........شمالی و زیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں آج فضائی حملے میں پاک فوج نے 47 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 23 ٹھکانے تباہ کر دیے، دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی جس کے دوران 2ایف سی اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آج دوپہر جیٹ طیاروں کی بمباری سے 27 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 11 ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ فضائی حملے میں دہشت گردوں کا اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج علی الصبح فضائی حملے میں خیبرایجنسی میں 20دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں کے 12 ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں اسپن وام اسپتال کے قریب بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ سے 100میٹر کے فاصلے پرروکا گیا تو خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے بارود سے بھری گاڑی میں بھی دھماکا ہو گیا ۔ دھماکے سے قریبی عمارت گر نے سے 2ایف سی اہلکار اور ایک شہری شہید ہو گیا۔ ترجمان پاک فوج کاکہناہے کہ گاڑی کوروکا نہ جاتا تو بہت بڑے نقصان کا خدشہ تھا۔