12 اپریل ، 2012
اسلام آباد … مہران اسکینڈل کے مرکزی کردار یونس حبیب نے شریف برادران کے نوٹس کا جواب بجھوا دیا، شریف برادران کو جواب وکیل شیخ اظفر امین کے ذریعے بھجوایا گیا ہے، شیخ اظفر امین کا کہنا ہے کہ یونس حبیب، شریف برادران کے نوٹس کو الیکشن مہم کا حصہ سمجھتے ہیں۔ سیاستدانوں میں رقم کی تقسیم سے متعلق مہران بینک اسکینڈل کے مرکزی کردار کے وکیل شیخ اظفر امین کا کہنا ہے کہ یونس حبیب نے اپنی ہر بات کا دفاع کیا اور ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے، یونس حبیب نے قانونی کارروائی کی دھمکیوں کے آگے جھکنے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یونس حبیب نے کسی بھی قسم کی معافی مانگنے کو یکسر مسترد کردیا ہے اور اپنے ہر لفظ پر قائم رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یونس حبیب کے وکیل کے مطابق ان کے موٴکل کا کہنا ہے کہ ایسی مہم کا مقصد بغیر کسی بنیاد کے اپنے لئے میڈیا میں جگہ حاصل کرنا ہے اور وہ شریف برادران کے نوٹسز میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ شیخ اظفر امین کا کہنا ہے کہ یونس حبیب کے سپریم کورٹ میں دیئے گئے بیان حلفی میں شریف برادران کا نام نہیں دیا گیا، عدالت میں زیر سماعت معاملہ حبیب بینک اور مہران بینک کے متعلق ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یونس حبیب نے شریف برادران کے نوٹسز کو مسترد کردیا ہے اور وہ میڈیا کے سامنے بولے ہر لفظ کا دفاع کریں گے۔