12 اپریل ، 2012
اسلام آباد … چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں ناقص مینجمنٹ اور بدانتظامی گورننس کیلئے چیلنجز ہوتے ہیں اور عدلیہ ملک کے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں سول ججز کی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب میں چیف جسٹس، جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ غیرشفافیت اور عدم احتساب بھی گورننس کیلئے بڑے چیلنج ہیں،بہتر قیادت اور مینجمنٹ سے قومیں ہمیشہ ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی تعلیم انصاف کی فراہمی اور عدالتی قابلیت بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس موقع پرچیف جسٹس نے سیاچن میں برفانی تودے تلے دبے فوجیوں کی سلامتی کیلئے دعا کی اور کہا کہ سرحدوں کا دفاع کرنے والے بہادر فوجیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے سخت موسمی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے امدادی کارکنوں کی خدمات کو بھی سراہا۔