26 جون ، 2014
اسلام آباد......وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انقلاب صرف الیکشن کے ذریعے آئے گا۔پاکستانی قوم انشاءاللہ ضرب عضب میں کامیاب ہو گی اور اللہ پاکستان کو اس جنگ میں سرخرو کرے گا۔وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے یہ باتیں وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل رمضان چوھدری کی سربرہی میں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد اور اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے گفت و شنید کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن دہشت گردوں نے خود ان کوششوں کو ناکام بنا یا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے جانبازوں کے ساتھ ہے۔ہم دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کریں گے۔وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت اور آئین سے وابستہ ہے۔انشاء اللہ اپنے دور میں بجلی کا بحران ختم کریں گے۔روزگار میں اضافہ ہو گا،موٹرویز بنیں گی۔انشاءاللہ ان کے دور میں پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ گڈانی اور پورٹ قاسم میں چین حکومت کی مدد کر رہا ہے۔پاکستان کا دنیا میں وقار بڑھائیں گے،دنیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کے لیے ہم سب ساتھ ہیں،ملکی مفاد میں بلوچستان کی حکومت ڈاکٹر عبد المالک کے حوالے کی۔وزیر اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ آئی ڈی پیز کو کسی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعظم نے عوام کوسستے اور فوری انصاف کے لئے بارز کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے وزارت قانون و انصاف کی طرف سے ڈیجیٹل پاکستان کوڈ کا افتتاح بھی کیا جس کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے تمام قوانین اب ویب پر دستیاب ہوں گے۔