پاکستان
26 جون ، 2014

متاثرینِ شمالی وزیرستان میں راشن کی تقسیم،بنوں میں مزید 2 کیمپ قائم

متاثرینِ شمالی وزیرستان میں راشن کی تقسیم،بنوں میں مزید 2 کیمپ قائم

بنوں.........شمالی وزیرستان کے متاثرین میں راشن کی تقسیم کے لیے بنوں میں مزید دو کیمپ قائم کردیے گئے۔ نقل مکانی کرنے والوں کے بچوں کو دوسرے روز بھی پولیو ویکسین دی گئی۔شمالی وزیرستان کے متاثرین میں راشن کی تقسیم کے لیے بنوں کوہاٹ روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس میں صرف ایک ریلیف کیمپ قائم تھا۔ تاہم متاثرین کی بڑھتی تعداد اور ان کی سہولت کے لیے اب ممش خیل ڈگری کالج اور غوری والا میں بھی کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں سے متاثرین کو رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے راشن دیا جارہا ہے۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنےوالے خاندان بنوں کے مشنری اسکولوں میں مقیم ہیں۔ میرانشاہ ، میرعلی اور رزمک سے آنے والے اقلیتی برادری کےافراد نے بتایا کہ پیدل سفر کرکے 25سے 30گھنٹے میں وہ بنوں پہنچے ہیں لیکن ان کی اب تک رجسٹریشن نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی حکومتی نمائندے نے رابطہ کیا ہے۔ ادھرمحکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، ہنگو اور لکی مروت میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ دو روز کے دوران متاثرین کے 70ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےجاچکے ہیں ۔

مزید خبریں :