26 جون ، 2014
راولپنڈی.........ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں اب تک327 دہشت گرد ہلاک جبکہ 10 سیکورٹی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوئے ہیں،کالعدم تحریک طالبان ہو یا حقانی نیٹ ورک، سب دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں آپریشن ضرب عضب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ شمالی وزیرستان تحریک طالبان کا گڑھ اور دہشت گردی کی کاروائیوں کا مرکز بن چکا تھا، علاقے میں حکومت کی رٹ بحال کرنے کے لیے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آپریشن ضرب عضب پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، پوری قوم کو فوج کی حمایت میں ایک ہونا ہوگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے افغان حکومت سے بھی درخواست کی ہے جبکہ پاکستان کے عوام کسی بھی مشکوک شخص کے بارے میں 1135 پر اطلاع کر سکتے ہیں۔