09 جولائی ، 2014
پالے کیلی،سری لنکا.....سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جانیوالی تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 87رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1سے برابر کردی ۔پالی کیلی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.2اوورز میں 267کا قابل قدر مجموعہ ترتیب دیا ۔آئی لینڈرز کی جانب سے تلکا رتنے دلشان نے 86رنزکی شاندار باری تراشی،جبکہ جہاندیدہ سابق کپتان مہیلا جے وردنے 48کے ساتھ دوسرے قابل ذکر بیٹسمین تھے۔پروٹیز کی جانب سے ریان میکلریننے 4وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پروٹیز الیون 268رنز کے ہدف کے تعاقب میں 180رنز پر ڈھیر ہوگئی ، اسٹار بیٹسمین ہاشم آملہ کی 101رنز کی شاندار اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی ۔سری لنکا کی جانب سے لسیتھ مالینگا نے 4،تلکا رتنے دلشان نے تین،مینڈس دواور سینانائکے نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔دلشان کو انکی شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا میچ ہفتہ بارہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔