10 جولائی ، 2014
کراچی .....وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو سرکلر ریلوے ، فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبوں ،ریپڈ بس پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف صبح کراچی پہنچنے کے بعد ڈیفنس میں واقع بلوچ رہنما نواب خیر بخش مری کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے خیر بخش مری کے انتقال پر ان کے بیٹے چنگیز مری اور دیگر رشتہ داروں سے تعزیت کی۔ بعد میں وزیراعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیر اعظم کو کراچی سرکلر ریلوے ، فراہمی آب کے منصوبے کے فور، نکاسی آب کے منصوبے ایس تھری، ریپڈ بس ٹرانسپورٹ منصوبے پربریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکلر ریلوے کی اراضی پر قبضہ تاحال ختم نہیں کرایا جاسکا ہے، سرکلر ریلوے کی زمین پر چار ہزار سے زائد مکانات اور دیگر تجاوزات قائم ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکلر ریلوے سے ٹریفک کے مسائل بڑی حد تک حل ہوجائیں گے۔ بعدمیں وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں ہی امن وامان سے متعلق اجلا س کی صدارت کے علاوہ سیاسی رہنماؤں اور تاجروں سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم نے ملاقات کے لئے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو بلایا ہے۔ وزیر اعظم نےکراچی کی صورت حال پرتاجروں، صنعتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈر کو بھی مدعو کیا ہے۔ وزیر اعظم سے مسلم لیگ ن کے رہ نمااورارکان اسمبلی کی ملاقات بھی متوقع ہے۔