10 جولائی ، 2014
پشاور..........پشاور میں رمضان المبارک کے دوران جرائم کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جہاں پولیس پرحملوں میں اضافہ ہوا۔وہیں اسٹریٹ کرائمز اور قتل و اقدام قتل کی وارادتیں قابو سے باہر ہوچکی ہیں۔ ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں مجموعی طور پر جرائم کے 758مقدمات درج ہوئے۔ پشاور پولیس شدت پسندوں کے نشانے پر ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چمکنی کے علاقے وحید آباد میں پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک حملہ آور کومار دیا۔ تاہم دو حملہ آور فرار ہوگئے۔ رمضان کے پہلے عشرے میں پولیس پر یہ 5واں حملہ تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں پولیس پر حملوں سمیت دہشت گردی کے 11واقعات ہوئے۔ غیر سرکاری ذرائع کے مطابق روزانہ 5سے 7افراد سٹریٹ کرائمز کا شکار بن رہےہیں۔ اسی طرح بھتہ خوری، قتل و اقدام قتل کے 38 مقدمات درج ہوئے۔ رمضان کے ابتدائی عشرے میں پولیس نےمختلف کاروائیوں میں 5 بم برآمد کرکےناکارہ بنائے۔ جبکہ 2 جولائی کوخیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے چار شرپسندوں کو بڈھ بیر سے گرفتار کیاگیا۔ مختلف تھانوں میں ماہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران مختلف جرائم کے ساڑھے سات سو سے زیادہ مقدمات درج ہوئے۔ ٹارگٹ کلنگزاور سٹریٹ کرائمز کی شرح میں اضافہ پریشان کن رہا۔