14 اپریل ، 2012
کراچی. . . .کراچی کے علاقے گارڈن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ ناظم آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں اور کاروبار بند کروادیا۔پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خالد نامی شخص کو ہلاک کر دیا، لاش کو پولیس کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ناظم آباد کے علاقے میں واقع عباسی اسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کی وجہ سے علاقے میں رات گئے کھلنے والی دکانیں بند ہو گئیں تاہم پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے لیاری سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ، دستی بم حملوں اور پر تشدد کاروائیوں میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ لیاری کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر میٹرک بورڈکراچی نے لیاری کے علاقے میں قائم امتحانی مراکز پر آج ہونے والے ریاضی کے پرچے کو ملتوی کردیا ہے اورامتحان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔