16 جولائی ، 2014
غزہ.........فلسطین میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری نے آج 4بچوں سمیت 17فلسطینیوں کو موت کی نیند سلا دیا جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔ 9 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 213ہو گئی۔ ماہ مقدس میں فلسطین کی زمین بے گناہ لوگوں کے خون سے رنگی جارہی ہے، سحر ہو افطار ہو یا وقت تراویح کوئی لمحہ بھی خوف کے بغیر نہیں گزرتا، اسرائیلی طیارے کسی وقت بھی ناگہانی آفت کی طرح آتے ہیں اور آگ کے گولوں کی برسات سے نہتے لوگوں کو خون میں نہلا جاتے ہیں، آج بھی وحشت اور بربریت کا سلسلہ جاری رہا اور 4معصوم بچوں سمیت 17فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ دوسری طرف پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسرائیل کے سفاک عزائم کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی اور بولیویا کے صدرنے اسرائیلی حملوں کو نسلی تعصب سے تعبیر کرتے ہوئے اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے لیے اسرائیلی اور مصری حکام سے بات کی ہے اور مستقبل میں بھی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔