پاکستان
18 جولائی ، 2014

الطاف حسین نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے، رابطہ کمیٹی

الطاف حسین نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے، رابطہ کمیٹی

کراچی ......متحد ہ قومی موومنٹ کے مختلف سیکٹرز کے زیر اہتمام شہر کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کی مناسبت سے افطار ڈنر کا سلسلہ جاری ہے ۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم گلشن اقبال سیکٹر ، لائنز ایریا سیکٹر اور سرجانی سیکٹر کے زیر اہتمام الگ الگ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین سید امین الحق ، عادل صدیقی،توصیف خانزادہ اور خالد سلطان ،سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی حق پرست اراکین اسمبلی عبدالوسیم ، عبداللہ،ارشد وہرہ ، علی رضا عابدی ،مزمل قریشی ، عدنان احمد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، سیکٹر و یونٹ کے ذمہ داران ، کارکنان سمیت خواتین ، بچوں ، بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مختلف افطار ڈنرز سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک روایت شکن جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ ، جاگیر دارانہ ، موروثی سیاسی نظا م کے خاتمے کی جدو جہد کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو حقیقی لحاظ سے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا پاکستان بنایا جاسکے جہاں ہر مذہب، زبان ، علاقے ،طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو زندگی جینے کے مساوی حقوق حاصل ہوں اور ملک میں امن و محبت کی فضاء قائم ہوسکے ۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی سیاسی جدوجہد کے آغاز سے ہی انسانیت کی خدمت کی ہے اور اپنے کارکنان کو بھی سیاست برائے خدمت کا درس دیا ہے یہی وجہ ہے کہ حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اپنے اپنے علاقوں کے عوام کی بلا امتیا ز خدمت کرتے ہیں اور ملک کو انتہا پسندی و منافقت سے پاک کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ادھر نوشہرو فیروز زون کے زیر اہتمام بہلانی عید گاہ میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی مشیر عبد الحسیب ، رکن صوبائی اسمبلی محمد سلیم بندھانی ، عبد الوحید عباسی، محمد شریف ، قطب الدین ، راشد علی میمن سمیت نوشہرو فیروززون کے ذمہ داران و کارکنان اور خواتین ، بچوں، بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بعدازاں صوبائی مشیر عبد الحسیب نے نوشہرو فیروز زون کی کاوشوں سے تیار ہونے والی بہلانی عید گاہ کا افتتاح کیا ۔دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے پشاور کے علاقے وزیر باغ میں پولیس وین کے قریب بم دھماکہ اور کوئٹہ میں پشتون آباد کے علاقے محمود آباد میں مسجد کے باہردہشتگردوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دونوں واقعات میں شہید اور زخمی ہونےوالوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج جواں مردی سے لڑنے کے ساتھ ساتھ جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود اب پاک سرزمین کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرکے دم لے گی ۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد دہشت گرد ملک کے اندر بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات کیلئے سرگرم ہیں ایسے حالات میں ملک بھرکے عوام کو اپنے ارد گرد کڑی نگاہ رکھنی چاہئے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار ،کے پی وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر مالک سے مطالبہ کیا کہ انا واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور دہشت گردی کے واقعات سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی بھی مثبت اقدام سے ہرگز گریز نہ کیاجائے ۔ علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے کروڑوں روپے بل کی عدم ادائیگی کی بناء پر کے ایم سی کے 8اسپتالوں میں مریضوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کی بندش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مریضوں کو خوراک اور ادویات کی بندش کے ذمہ دار عناصر کو بے حس اور انتہائی غفلت کا مرتکب قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ مریضوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کی بندش کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے۔

مزید خبریں :