18 جولائی ، 2014
لاہور .......وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت آزادی تقریبات پورا مہینہ منائے گی،آزادی ٹرین بھی چلے گی،جشن آزادی کی تقریبات دیدنی ہوں گی۔ مرکزی تقریب 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرہوگی۔ کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے جشن آزادی کے سربراہ خواجہ سعد رفیق نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی یکم اگست سے 31اگست تک جاری رہیں گی، اس موقع پر آزادی ٹرین بھی چلائی جائے گی جو چاروں صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کرے گی، ٹرین میں پاک فوج کا فلوٹ بھی شامل ہوگا۔ سعد رفیق نے کہاکہ جشن آزادی کی تقریبات تحریک پاکستان اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کے شہداء سے منسوب کی جا رہی ہیں، 13 اگست کو ملک بھر میں چراغاں کیا جائے گا، 14 اگست کو اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔جشن آزادی تقریبات کمیٹی میں پرویز رشید، ریاض حسین پیرزادہ، عرفان صدیقی اور جام کمال شامل ہیں۔