پاکستان
18 جولائی ، 2014

منرل واٹر کے 19 برانڈز میں جراثیم ،کیمیائی آلودگی کی موجودگی

منرل واٹر کے 19 برانڈز میں جراثیم ،کیمیائی آلودگی کی موجودگی

اسلام آباد......پاکستان کونسل برائے تحقیقات و آبی وسائل نے منرل واٹر کے 19 برانڈز میں جراثیم اور کیمیائی آلودگی جبکہ 13میں زہریلے مواد کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔ شہری آلودہ پانی کے استعمال سے بچاؤ کیلئے بوتل کا پانی خریدکر پیتے ہیں لیکن یہ کتنا محفوظ ہے؟؟ اس کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا پاکستان کونسل برائے تحقیقات آبی وسائل نے۔ راول پنڈی، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے 14 شہروں سے بو تل والے پانی کےنمونے حاصل کیے گئے۔ نتائج کےمطابق بوتل والے پانی کی 111 برانڈز میں سے 19میں کیمیائی آلودگی جب کہ 13 میں زہریلا مواد سنکھیا شامل ہےجو کہ انتہائی مضر صحت ہے۔رپورٹ کے مطابق اس زہریلے مواد سنکھیا سے پھیپھڑوں، مثانے، جگر، جلد، گردے، ناک اور جگر کا کینسر، ہیضہ، ٹائی فائڈ اور یرقان کی بیماریاں ہوسکتی ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری حفصہ کاکہنا ہے کہ ہم نے 111 سمپلز لئے اس میں سے 15 میں کیمیکلز اور باقی میں بیکٹیریل آلودگی تھی۔غیر معیاری اور آلودہ پانی کے 13برانڈز میں نیشن، سپلیش آریانا، پیورفریش واٹر،نیوڈیپ، فٹ،الفا بلیو، صحت، یونیک واٹر، ایکٹیو،بٹ، ایکوا نیشنل،نیچرا یکوا اور کول شامل ہیں۔ جب کہ پیور 99، الحبیب، لائف (اسلام آباد)، اسپرنگ فریش اور لائٹ ایکوا میں جراثیم اور کیمیائی آلودگی پائی گئی۔ آلودہ پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کبھی بھی مو‘ثرکارروائی نہ کی جاسکی۔ چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر محمد اشرف کا کہنا ہے کہ اگر آپ بوتل کے پانی کو دیکھیں توو ہ اتنی ہی قیمت میں ملتی ہے جتنی کہ دودھ کی بوتل ملتی ہے،دودھ کی بوتل کے بھاؤ میں آلودہ پانی فروخت ہو رہا ہے۔اب یہ اتھارٹی کی ذمہ دارہے کہ وہ اس پر ایکشن لیں، ہوتا یہ ہے کہ یہ نئی ناموں سے سامنے آجاتی ہیں، تو ایسے افراد کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔پاکستان کونسل برائے تحقیقات آبی وسائل کی تحقیق کےمطابق پاکستان کے کسی بھی شہر کا پانی سو فیصد آلودگی سے پاک نہیں ، ایسےمیں شہری بوتل کاپانی خریدکرپیتے ہیں لیکن اس میں بھی زہر آلودموادشامل ہوتوشہری آخرکیاکریں ؟؟ آلودہ پانی کے نمونوں کی رپورٹ کاروائی کے لئے کوالٹی کنٹرول اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بھجواا دی گئی ہیں۔حکام یہ کہتے ہیں کہ پانی کے معیار کو چیک کر کے کمپنیوں کو رجسٹریشن دی جائے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے۔

مزید خبریں :