18 جولائی ، 2014
کراچی........امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہےکہ پرویز مشرف حکومت، عدلیہ اور فوج کے لئے مسئلہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوف میں مبتلا ہوکر بنایا جانے والا تحفظ پاکستان قانون عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔ کراچی میں دعوت افطار کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہناتھا کہ جماعت اسلامی تحفظ پاکستان قانون کی حمایت نہیں کرتی، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کالا اور ظلم کا قانون ہے جسے خوف میں مبتلا ہوکر بنایاگیا ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف موجودہ حکومت کے گلے کی ہڈی بن چکے ہیں، حکومت نہ یہ ہڈی نگل سکتی نہ ہی اگل سکتی ہے بلکہ مشرف فوج کے لئے بھی مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وی آئی پی نظام کو اٹھانے اور زمین پر پٹخ دینے کی ضرورت ہے، ملک میں دہشت گردی کی اصل وجہ اشرفیہ ہے۔