پاکستان
30 جولائی ، 2014

عید کی خوشیوں میں شہدا ء کو بھی یاد رکھیں ، الطاف حسین

 عید کی خوشیوں میں شہدا ء کو بھی یاد رکھیں ، الطاف حسین

لندن.....متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام کارکنان اوراہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارک باد پیش کی ہے ۔ الطاف حسین نے عید کے پہلے روز نائن زیرو پرموجود اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اراکین و دیگر ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عید الفطر کی خوشیوں میں حق پرست شہدا ء، لاپتہ اور اسیر کارکنان کے اہل خانہ کو بھی یاد رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں،انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حق پرست رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف شہید، نائلہ منیرکے شوہر منیر قادری اور تمام حق پرست شہدا ء کے درجات بلند فرما کر انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ملک کے قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب میں ملک کی مسلح افواج کو فتح و نصرت سے ہمکنار کرے ۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم پنجابی ، سرائیکی آرگنائزنگ کمیٹی شاہ فیصل یونٹ 7کے کارکن سید احسن کے بہیمانہ قتل پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے بے گناہ کارکنوں کا تسلسل کے ساتھ قتل کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔مگر آج تک ایم کیو ایم کے کارکنان کے قتل میں ملوث کسی بھی ایک دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سید احسن کے سفاک دہشت گرد قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ، سفاک دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دی جائے اور ایم کیو ایم کے کارکنان کے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ ، غیر قانونی ، غیر انسانی سلوک کا سلسلہ بند کیا جائے ۔رابطہ کمیٹی نے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔

مزید خبریں :