15 اپریل ، 2012
لندن … برطانیہ کے ایک اہم مسلم رہنما پر مختلف جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ سنڈے ٹیلی گراف کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلم اسپریچوئل کیئر یونٹ کے ڈائریکٹر ، خیراتی کاموں کیلئے معروف برطانیہ کی بڑی تنظیم مسلم ایڈ کی ذیلی تنظیم کیٹرسٹی اور مسلم کونسل آف بریٹین کے مرکزی رکن چوہدری معین الدین پر 1970ء میں بنگلہ یش میں جاری جدوجہد کے دوران لوگوں کے اغواء اور گمشدگی سمیت مختلف جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ معین الدین نے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل کے سربراہ محمد عبدالحنان خان کا کہنا ہے کہ معین الدین پر الزامات کے ثبوت موجود ہیں اور ٹھوس بنیادوں پر معین الدین کے خلاف کیس دائر کیا گیاہے۔ الزامات ثابت ہوجانے کی صورت میں معین الدین کو سزائے موت بھی دی جاسکتی ہے۔ 1970ء کا سانحہ گزرنے کے 42 سال بعد کچھ عینی شاہدین سامنے آئے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے معین الدین کو جرائم کرتے ہوئے دیکھا تھا۔