03 اگست ، 2014
لاہور......تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے نظر بند کیا گیا تو پورا پاکستان بند کر دیں گے ،جمہوریت میں عوام ملک کے سربراہ کا احتساب کر سکتے ہیں،بادشاہت میں نہیں، ہم بادشاہت ختم کرنے کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں، انھوں نے یہ بات لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی،عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان میں اصل جمہوریت ابھی تک نہیں آئی، جمہوریت کے بغیر عوام غریب ،حکمران امیر ہوتے جائیں گے ،مسلمانوں میں بادشاہت آ جانے سے بگاڑ پیدا ہوتا گیا ، حمزہ شہباز کے پاس اتنے اختیارات کس میرٹ پر آ گئے ہیں ، مریم نواز کس میرٹ پر 100 ارب روپے کے اوپر بیٹھی ہیں ، میرٹ کا نظام آنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ، حمزہ شہباز شہزادوں جیسی زندگی کیسے گزار رہا ہے ۔ ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا مینڈیٹ چرانے والے ڈاکوؤں کو سامنے لاؤں گا ، موجودہ چیف الیکشن کمیشن دھاندلی کا حصہ تھا ، اسلام آباد پہنچنے سے پہلے دھاندلی کے بارے میں مزید بتاؤں گا ، دھاندلی کتنی ہوئی اور کیسے ہوئی ،پرسوں بتاؤں گا ۔تحریک انصاف کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے ارکان استعفے دینے کو تیار ہیں ، جب چاہوں گا دے دیں گے ، حکمرانوں کا مینڈیٹ جعلی ہے ، کارکردگی بھی جعلی ہے۔