10 اگست ، 2014
راولپنڈی...... کورکمانڈرز کانفرنس کل جی ایچ کیوراولپنڈی میں ہوگی،کانفرنس کی صدارت آرمی چیف جنرل راحیل شریف کریں گے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے یک سطری اعلامیے کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کل کیا جائے گا،اعلامیے میں کور کمانڈرز کانفرنس کا ایجنڈا تو جاری نہیں کیا گیاتاہم یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہورہی ہے جب ملک میں سیاسی کشیدگی کی فضا ہے اور آپریشن ضرب عضب بھی جاری ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمانڈرز اجلاس میں ملک کی تازہ ترین سیکیورٹی کی صورتحال اور بالخصوص آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔ اس سے پہلے قومی سلامتی کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے آپریشن ضرب عضب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی تھی تاہم اس اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے ملک میں جمہوریت کی ضرورت اور تسلسل پر زور دیا تھا۔