13 اگست ، 2014
ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی...... بھارت کی بالی وڈ فلموں کے ذریعے اپنی منفرد آواز کا جادو جگا کر شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے کنگ آف بالی وڈ گلوکار میکا سنگھ نے بالی وڈ کی سنی لیوان کے سحر انگیز ڈانس کے ہمراہ ڈیلس کے قریب ایلن ایونٹ سینٹر میں منعقدہ میوزیکل کنسرٹ میں اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کر کے وہاں موجود تمام عمر کے افراد کو سحر زدہ کر دیا۔ مذکورہ میوزیکل کنسرٹ میرا باکس آفس اور اسٹار رائٹ ہوم تھیٹر اینڈ کلاسیکل مینجمنٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا جس میں موسیقی کے دلدادہ ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی جن میں پاکستانی شائقین کی بھی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر گلوکار میکا سنگھ کے ہمراہ بھارت سے آئے ہوئے ان کے گروپ کے دیگر افراد جن میں مس انڈیا امرتا پٹیکا‘ اشکا سنگھ‘ صونی‘ گلوکار ریمن کپور‘ گیتا اور روی یوار سمیت ماہر سازندوں نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے اور مسلسل کئی گھنٹے تک عوام الناس کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ میوزیکل کنسرٹ کا آغاز اور اختتام شہرہ آفاق دمادم مست قلندر کی دھمال سے کیا گیا۔ اس موقع پر میکا سنگھ نے اپنے معروف فلمی گیت جن میں پرانے اور نئے گیت شامل تھے‘ عوام کے سامنے براہ راست پیش کئے گئے جن میں ’’موجاں ہی موجاں‘ چنتلا چنتلا‘ میرا تیرا انمل بغل ہوں‘ جگنی‘ ہن موجاں ہی موجاں‘ خالی پیلی روکنے کا نئیں‘ پیار کی مرلی بجا کے‘ رنگ جھگا ڑنگ جھگارے‘ سونہا سونہا ڈل میرا سوہنا‘‘ سمیت متعدد معروف گیت پیش کئے اور حاضرین سے ڈھیروں داد وصول کی جبکہ دوسری جانب ان کے ساتھ آنے والی بالی وڈ کی بے بی ڈال سونیا لی اون نے بھی اپنے جلوئوں اور ادائوں سے موجود حاضرین کو سحر زدہ کر دیا۔ اس موقع پر کنسرٹ کے آرگنائزر اجے اور شالنی مٹھا نے ڈیلس کی سائوتھ ایشین کمیونٹی اور پروگرام اسپانسروں کا اظہار تشکر کیا جن میں قمر علی ریانی‘ امیر مکھانی‘ سنجے جوشی‘ مارکیٹنگ گروپمولیب میڈیا کے محمد عباس سمیت دیگر افراد کا ذکر کیا اور کہاکہ وہ آئندہ بھی ڈیلس کے عوام کو اس طرح کے تفریح کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔ گلوکار میکا سنگھ نے کہاکہ وہ امریکہ چار سال کے بعد آئے ہیں اور یہاں میں عوام الناس کی جانب سے جس طرح ان کو اور ان کے گروپ کو پذیرائی ملی ہے اور مل رہی ہے اس پر وہ عوام کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ بالی وڈ کے معروف سپر اسٹار شاہ رخ خان امریکہ کا دورہ کریں گے انہوں نے کہاکہ وہ پاکستانی عوام سے بھی پیار کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانیوں کیلئے خصوصی گیت بھی پیش کیا۔ مذکورہ میوزیکل کنسرٹ رات گئے تک جاری رہا۔ مذکورہ گروپ ہیوسٹن میں بھی 15 اگست کو اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا جہاں پر پروگرام کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ہیوسٹن کے پروموٹرز ریحان صدیقی اور امیر مکھانی ان فنکاروں کے ہمراہ ہیوسٹن کے شہریوں سے ملاقاتیں کر کے ان کو پروگرام میں شریک ہوتے کی دعوتیں دے رہے ہیں۔