پاکستان
17 اگست ، 2014

حکوومت ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے، سلیم حیدر

کراچی.......مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے اور ٹیکنوکریٹ پر مشتملحکومت بناکر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب کیا جائے اور شفاف انتخابات کراکر نئی حکومت بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام کو موجودہ حکمرانوں سے بہت توقعات تھیں لیکن اس حکومت نے بھی عوام کو نہ صرف مایوس کیا ہے بلکہ عوام میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے کیونکہ پاکستان میں اسٹیٹس کو اور کرپٹ سیاستدانوں نے عوام کے نام پر ہر بار اقتدار کے نام پر انہیں دھوکہ دیا ہے، عوام عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سیاسی جمود کو توڑنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) دونوں ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں جو صرف عوام کے نام پر اقتدار میں آکر اپنی جائیداد اور اپنے بینک بیلنس بڑھانے میں مصروف ہیں۔ سندھ میں پیپلزپارٹی ،اور مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) وسائل کےبے دریغ لوٹ مار میں مصروف ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو ملک مزید قرضوں میں جکڑ جائے گا اور عوام بھوک اور بدحالی سے دوچار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں سب سے برا حال مہاجروں کا ہے جن پر ملازمت سے لے کر تعلیم تک کے دروازے بند ہیں ۔ ترقی کا انحصار صرف زبان کی بنیاد پر کیا جارہا ہے ، سندھ کے شہری علاقوں کو صرف اس لئے تباہ وبرباد کیا جارہا ہے کہ وہاں مہاجر اکثریت میں آباد ہیں اس کے برعکس سندھ کے دیہی علاقوں میں اربوں روپے کی لوٹ مار اور ترقیاتی کاموں کے نام پر بدعنوانیاں کی جارہی ہیں ۔ برسہا برس سے ان کا احتساب کرنے والا کوئی نہیں ہے ہر مرتبہ انتخابی ڈراموں میں یہی لٹیرے اور بدعنوان حکمراں عوام پر مسلط ہوجاتے ہیں ۔

مزید خبریں :