27 اگست ، 2014
اسلام آباد...... ایک بین الاقوامی ریسرچ ادارے کے سروے کے مطابق پاکستان میں سیاسی بحران اور حکومت کے خلاف ریلیوں کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف کو اب بھی عوام کی اکثریت کا اعتماد حاصل ہے۔ بین الاقوامی تحقیقی ادارے "پیو ریسرچ" نے اپنے ایک حالیہ سروے میں بتایا ہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں اور حکومت مخالف ریلیوں کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف کو عوامی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ ادارے کے مطابق 64 فیصد پاکستانی نواز شریف کی حمایت میں کمربستہ نظر آتے ہیں ، 32 فیصد افراد نے نواز شریف پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا،جبکہ 4 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔ گزشتہ سال انتخابات سے قبل کیے گئے ایک سروے میں نواز شریف کی عوامی حمایت کا تناسب 66 فیصد تھا۔ پیو سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر 53 فیصد لوگوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا، 24 فیصد نے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور دو برسوں کے دوران ان کی مقبولیت کا گراف مجموعی طور پر 17 فیصد نیچے آیا ہے۔ پیو سروے کے مطابق سب سے زیادہ ریٹنگز پاکستان فوج نے حاصل کی اور 87 فیصد لوگوں نے پاک فوج پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ گزشتہ سال اس حمایت کا تناسب 79 فیصد تھا، چیف آف آرمی جنرل راحیل شریف پر 41 فیصد عوام نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔