27 اگست ، 2014
لاہور......جماعتِ اسلامی کےامیرسراج الحق کاکہناہےکہ موجودہ سیاسی بحران کا واحد حل مذاکرات ہیں ، اس میں چاہے 100 دن لگ جائیں ،ہمیں منظور ہے، بحران طویل ہو گیا تو ملک کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے، تمام فریقوں کو چاہئے کہ معاملے کی نزاکت کو سمجھیں۔ منصورہ لاہورمیں ہواجماعتِ اسلامی کامشاورتی اجلاس، صدارت امیر سراج الحق نےکی ، بعدمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 14 اگست سےجاری رابطے خوش آئند ہیں ،چاہتے ہیں کہ مسئلے کےحل تک یہ رابطے جاری رہیں۔ ان کا کہناتھا کہ ہم سب کو کسی نہ کسی ادارے پر اعتماد کرنا ہے ، انتخابی اصلاحات تمام جماعتوں کا مطالبہ ہے ، پی ٹی آئی نے عوام کی ترجمانی کی۔ امیر جماعت اسلامی کاکہناتھاکہ وزیراعظم کے استعفے کیلئے بھی راستے موجود ہیں، اس کیلئے بھی کسی نہ کسی ثالث پر اعتبار کرنا ہوگا۔ سراج الحق نےکہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کو ڈی ریل ہونےسے بچانا چاہتی ہیں۔ سیاسی بحران میں تیسری قوت کی مداخلت کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔