02 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... اسلام آباد میں آج بھی صبح ہوتے ہی لشکر کشی شروع ہوگئی ۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب پھر سے پیش قدمی شروع ہوئی اور پی ٹی وی چوک پر کھڑے کنٹینر گرادیے گئے۔ دن بھر کی کوششوں کے بعد شاہراہ دستور پر لشکر واپس اپنے خیموں میں یا جسے جہاں جگہ ملی آکر سوگیا تھا اور آج صبح نمو دار ہوتے ہی پھر سے پیش قدمی کی تیاریوں میں لگ گئے۔ مظاہرین کو تازہ دم کرنے کےلیے ناشتہ کا بھرپور انتظام تھا۔ اطمینان سے کھا پی کر مظاہرین سازوسامان سے لیس ہوئے اور پھر کام سے لگ گئے۔صورتحال پر نظر رکھے ہوئے سیکیورٹی اہل کار بھی کچھ دیر سستا کرپھر دفاع کےلیے آمادہ تھے۔ تاہم لشکر نے وزیراعظم ہاؤس کی جانب پیش قدمی شروع کی تو خاص مزاحمت کا سامنا نہ ہوا۔ پی ٹی وی چوک پر رکاوٹیں آئیں۔ پہلی صف میں چلنے والے جتھے نے مل کر کنٹینر گرادیےاور پیچھے آنے والوں کے لیے راستہ صاف کردیا۔ مظاہرین پاک سیکریٹریٹ کے ارد گرد بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے اہم سرکاری ادارے تک آنے والوں کو متبادل راستہ اختیار کرنا پڑ رہاہے۔بظاہر مظاہرین کا اگلا ہدف پی ایم ہاؤس ہے جہاں جانے کےلیے وہ آج پھر لاٹھیوں اور ماسک سے لیس ہوکر پولیس کا سامنا کریں گے۔