05 ستمبر ، 2014
لندن......متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ پنجاب میں شدید بارشوں سے طغیانی اور سیلاب کے نتیجے میں معصوم بچوں ، خواتین سمیت 40سے زائد قیمتی انسانی جانوںکے ضیاع ، متعدد کے زخمی ہونے اورقیمتی املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الطا ف حسین نے کہا کہ شدید بارشوں اور طغیانی کے نتیجے میں اتنی بڑی تعداد میں انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ملکی تاریخ کا بڑا اور افسوس ناک سانحہ ہے جس پر میرا دل شدید غم و صدمے میں مبتلا ہے۔الطاف حسین نے ملک بھر کے عوام سے کہا کہ وہ اس قومی سانحہ کرمحسوس کرتے ہوئے موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں ، خواتین سمیت تمام مرحومین کے لئے دعائیں کریں ۔الطاف حسین نے وفاقی و پنجاب کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پنجاب میں شدید بارشوں کے سبب لاہور،راولپنڈی ،فیصل آباد، گجرات ، سیالکوٹ ، کامونکی ، نارروال ، قصور ، سمندری ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری بارشوں کے شدید سلسلے کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں، شدید بارشوں کے نتیجے میں عوامی املاک کے نقصا ن کی ہر ممکن تلافی کی جائے ، زخمیوں کو سرکاری سطح پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے پیشگی اقدامات بروئے کار لائیں ، الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات بلند فرمائے ، زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔دریں اثنا الطاف حسین نے پنجاب اور آزادکشمیرمیںطوفانی بارشوں ،لینڈسلائیڈنگ سیلاب اورمختلف حادثات کے نتیجے میں درجنوں افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے اورقیمتی املاک کے بھاری نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور آزاد کشمیرحکومت سے مطالبہ کیاکہ طوفانی بارشوں،سیلاب اورلینڈسلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی سے متاثرہ عوام کی ہنگامی بنیادوں پر مددکی جائے ، متاثرہ عوام کی بحالی اورنقصانات کے ازالے کیلئے ہنگامی بنیادوںپر اقدامات کئے جائیں ،سیلاب میں گھرے ہوئے شہریوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔ انھوںنے ایم کیوایم اوراس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے کہاکہ وہ اپنی بساط کے مطابق بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مددکریں۔انہوں نے جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیااورمصیبت کی اس گھڑی میں ایم کیوایم ان کے غم میں برابرکی شریک ہے ۔