18 اپریل ، 2012
اسکردو… چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اورصدرآصف علی زرداری گیاری سیکٹر میں امدادی کاموں کا جائزہ لینے پہنچ گئے ہیں ۔ صدر زرداری کے ہمراہ رحمان ملک اور آرمی چیف جنرل کیانی بھی موجود ہیں۔ صدر کو گیاری میں جاری ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ سیاچن کے گیاری سیکٹرمیں برفانی تودے تلے دبے فوجیوں کی تلاش کاکام قدرتی رکاوٹیں سامنے آنے کے باوجود جاری ہے۔ خراب موسم بھی جوانوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا ۔ گیاری میں سرچ اور ریسکیو آپریشن دن رات جاری ہے ، نشاندہی کیے گئے مقامات سے برف ہٹانے کیلیے مشینوں اور جدید آلات سے مدد لی جارہی ہے،،سائٹ نمبر ایک میں کھودی گئی سرنگ کو کشادہ کیاجا رہا ہے ،ایک اور مقام پر نئی سرنگ کی کھدائی بھی شروع کردی گئی ہے اور نشاندہی کیے گئے دیگر مقامات پر بھی کھدائی کاکام تیزی سے جاری ہے ،درجہ حرارت بڑھنے سے مزید لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے اس لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن میں خاص احتیاط سے کام لیا جارہا ہے ۔ کام مکمل کرکے سوئس اور جرمن ٹیمیں واپس چلی گئی ہیں جبکہ ناروے اور امریکا کی ٹیمیں ماہرانہ معاونت کیلیے موجود ہیں۔