08 ستمبر ، 2014
مظفرآباد.....آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں کلاوڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب نے ہر طرف تباہی مچادی ہے، 62 افراد جاں بحق ہوئے، اور 16 ہزار بے گھر ہوگئے انفراسٹریکچر تباہ ہوگیا۔جموں کشمیر میں پیر پنجال رینج میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد اٹھنے والے طوفانی سیلابی ریلوں نے آزاد کشمیر میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ۔ پیر پنجال کے مشرقی دریاؤں دریائے نیلم اور دریائے جہلم سے گذرنے والے بڑے طوفانی ریلے نے ضلع ہٹیاں ، ضلع نیلم ، اور ضلع مظفرآباد سمیت ضلع باغ اور پونچھ مغربی نشیبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا جبکہ پیر پنجال کے مغربی سمت سے نکلنے والے دریائے پونچھ سے لگ بھگ سو سال بعد ایک بہت بڑا سیلابی ریلا گذرا جس نے ضلو کوٹلی پونچھ اور میرپور کے کچھ علاقوں کو بھی بری طرح متاثرکیا جبکہ کلاؤڈ برسٹ سے آزاد کشمیر کے ضلع حویلی اور سدھنوتی میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب تک باسٹھ افراد جاںبحق ستاسی زخمی دو ہزار مکانات مکمل تباہ ہوئےاور چار ہزار کے لگ بھگ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا اور یون سولہ ہزار سے زائد افراد کھلے آسمان تلے پناہ لینے پر مجبورہوئے۔ جبکہ دو سو کلومیٹر پختہ سڑکیں اور پانچ سو کلومیٹر نیم پختہ اور رابطہ سڑکیں تباہ ہوئیں ، ہائیڈرو پاور جنریشن کے دس اسٹیشن کو جزوی نقصان پہنچا ہے ، سیلاب اور طوفانی بارشوں سے نقصان کا ابتدائی تخمینہ چھ ارب سے زائد لگا یا گیا ہے ۔