09 ستمبر ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے قریب سمندرمیں لنگراندازپاکستان نیوی کے ایک جہاز پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوردہشت گردوں کے حملے میں نیوی کے افسرکی شہادت پر دلی افسوس کااظہارکیاہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نیوی کے جن افسروں اورجوانوں نے حملہ آورمسلح دہشت گردوں کاجس جراتمندی سے مقابلہ کیاہے اس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ الطاف حسین نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خدارا وہ اس بات کونہ بھولیں کہ جی ایچ کیو، فضائیہ کے کامرہ ایئربیس اورکراچی میں نیول بیس مہران پر حملے کرنے والے دہشت گردوںکو اندر سے مدد حاصل تھی، اس اندرون خانہ مددکے بغیر دہشت گردحملہ نہیں کر سکتے تھے ۔الطا ف حسین نے کہا کہ ایک مچھلی سار ے تالاب کو متعفن اور گندہ کر سکتی ہے تو ایسی چند گندی مچھلیاں تمام اداروںکی تباہی کا سبب بھی بن سکتی ہیں ۔لہٰذامسلح افواج کے سربراہان ایسے عناصر سے نمٹنے کے لئے زیر و ٹولیرنس پر مبنی پالیسی بنا کر ہرادارے میں اندرون خانہ صفائی کا پروگرام بنائیں خواہ اس میںکتنی بڑی سے بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے ۔دریں اثنا الطاف حسین نے دروغہ والا لاہور میں نماز ظہر کے دوران مسجد کا مینار چھت پر گرنے کے المناک حادثہ میں متعدد نمازیوں کے ملبے تلے دب کر شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے نمازیوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ مسجد کی چھت کے ملبے تلے دب کرمتعدد نمازی شدید زخمی ہیں اور انہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مسجد کی چھت کے ملبے تلے دبنے والے افراد کی زندگیوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے نیو کراچی سیکٹرکے کارکن آفتاب اعظمیٰ کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوںنے شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورسوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔ (آمین)۔