11 ستمبر ، 2014
کراچی....... محکمہ موسمیات نے دریائے سندھ میں سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 سے 17 ستمبر تک گڈو اور سکھر بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 15 سے 16 ستمبر تک دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، یہاں سے 6 لاکھ سے 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ سکھر بیراج پر 16 سے 17 ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا اور یہاں سے بھی 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اس صورتحال میں مظفرگڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، جیکب آباد، گھوٹکی، شکار پور اور سکھر کے اضلاع سیلاب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔