11 ستمبر ، 2014
کراچی...... مہاجرقومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال قابو سے باہر ہوچکی ہے تاہم قیام امن کے لیے فوج کی ضرورت نہیں، مسئلہ سیاسی طور پر حل ہوسکتا ہے۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں پرتشدد واقعات سیاسی مسئلہ ہیں جن کو سیاسی طور پر اور خلوص سے حل کیا جاسکتا ہے۔ حکومت کراچی میں بے امنی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث کراچی دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شامل ہوچکا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق اپنے قتل سے پہلے ان سے اور پرویز مشرف سے رابطے میں تھے۔ عمران فارق متحدہ قومی موومنٹ سے اپنی راہیں الگ کرچکے تھے اور اپنی الگ جماعت بنانا یا کسی اور جماعت میں شامل ہونا چاہتے تھے۔ متحدہ قومی موومنٹ سے الحاق کے بارے میں سوال پر آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ان کے دروازے متحدہ سمیت سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔