18 ستمبر ، 2014
کراچی........کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی نے کئی لوگوں کو عارضی روزگار بھی فراہم کیا ہے۔ کراچی سپر ہائی وے پر قائم عارضی مویشی منڈی میں اب تک 70ہزار سے زائد بڑا جانور،5 ہزار بکرے اور 500 اونٹ لائے جاچکے ہیں۔ ان مویشیوں کے مالکان جانوروں کی دیکھ بھال، صاف صفائی اور ان کا خیال رکھنے کے لئے عارضی طور پر ماہانہ دیہاڑی پر مزدور رکھ رہے ہیں جس سے بے روزگار افراد کو روزگارکا موقع مل رہا ہے۔اس کے علاوہ یہاں کام کرنے والے مزدوروں کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی محنت اور مشقت کے مقابلے اجرت بھی نہیں مل رہی۔ جانوروں کی خدمت کرنے والے بیشتر مزدور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے ہیں جو دن و رات منڈی میں ہی قیام کو ترجیح دیتے ہیں۔ کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگنے سے جہاں عوام کو مختلف اقسام کے جانور میسر ہیں وہی لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی مل رہے ہیں۔